• صارفین کی تعداد :
  • 3657
  • 1/10/2009
  • تاريخ :

غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں تبیان کے صارفین کا بیان

غزه

اے لوگو! تبیان کے صارفین تمہیں غزہ میں ہونے والے مظالم کی  تلخ حقیقت پر مبنی دردناک تصویر دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں ۔ دکھ ،تکلیف ،لہو ،موت اور خوف یہ وہ سب چیزیں ہیں جو اکیسویں صدی میں غزہ کے  لوگوں کو نصیب ہو رہی ہیں ۔

دنیا کے کس دین  اور قانون میں بچوں ،عورتوں اور نہتے انسانوں کے قتل عام کی اجازت دی گئی ہے؟ حقوق انسانی کے جتنے قوانین ہیں ان کو دیکھیں ، تلاش کریں ،آپ کو قانون کی کوئی بھی شق ایسی نظر نہیں آۓ گی جو نہتے انسانوں کے  قتل عام کی اجازت دے ۔ انبیاء الہی  کے کس دین میں اس انسانی المیے اور ظلم پر خاموشی اختیار کرنے کو اخلاقیات کے زمرہ میں شمار کیا  گیا ہے ؟

 

ذرا فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ مسلمان ہوں، عیسائی یا یہودی۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکار ہوں ، حضرت عیسی علیہ السلام یا حضرت داؤد علیہ السلام کے ۔ آپ کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ ماں باپ بن کر اپنی گود میں جان دیتے ہوۓ بچوں کے درد کو محسوس کریں ۔

اتنا ہی  کافی ہے کہ اولاد بن کر ماں باپ کی خون میں لت پت لاشوں کو دیکھنے کا درد اپنے دل میں محسوس کریں ۔

کافی  ہے کہ آپ ایک انسان ہوں تاکہ آپ پر ہونے والی گولیوں کی  بوچھاڑ کا خوف آپ کے رونگٹے کھڑے کر دے اور اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے گھر کی ویرانی دیکھ کر آپ پر ہیبت طاری ہو جاۓ ۔

کہتے ہیں کہ اچھے رہبر اور حکمران وہ  ہوتے ہیں جو بہادر ،وظیفہ شناس اور قوی ہوں اور جنہیں اخلاقی اقدار اور انسانیت کی پہچان ہو ۔ یہ کیسی بہادری اور کہاں کی  انسانیت ہے کہ عالمی برادری اور دنیا کے نامور حکمران غزہ میں ہونے والے افسوس ناک مظالم پر خاموشی اختیار کیے ہوۓ ہیں ؟

 

آج غزہ کی پٹی جنگی مظالم ،ناانصافی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی جیتی جاگتی بنی ہوئی ہے ۔ کل یہی مصیبت اور ظلم کا پہاڑ کس قوم اور دنیا کے کون سے حصے میں گرنے والا ہے ؟ آج فلسطین کے بےبس ، زخمی اور غمناک بچے اپنے بہتے آنسوؤں کے ساتھ عالمی برادری اور حقوق بشر کے علمداروں کی توجہ اور حمایت کے طلب گار ہیں ۔

ہم تبیان کے صارفین ،انسانیت اور اخلاقیات کی رو سے ،ایک خداۓ مہربان اور عادل پر ایمان رکھنے کی بنا پر غزہ میں ہونے والے بے انتہا ظلم  کی  پر زور  الفاظ میں مذمت کرتے ہیں  اور ان غیر انسانی اور وحشیانہ مظالم پر خاموش عالمی برادری کے فوری ردعمل کے طلب گار ہیں ۔